خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں پولیس کانسٹیبل کی سکول وین پر فائرنگ سےایک طالبہ جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئی ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ سنگوٹہ پبلک سکول میں پیش آیا ہے ۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیع اللہ خان گنڈا پور نے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ ایک دلخراش واقعہ رونما ہواہے، سنگوٹہ پبلک سکول میں ڈیوٹی پر تعینات کانسٹیبل محمد عالم نے پتہ نہیں کس وجہ سے اپنے سرکاری رائفل سے سکول کے بچوں کی گاڑی پر فائرنگ کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے نتیجے میں 6 بچیاں زخمی ہوئی تھی جس میں رومہ نامی بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئی ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ سیدو شریف ہسپتال میں ایمرجنسی نافذکی گئی ہے جہاں زخمی طالبات کا علاج جاری ہے۔
شفیع اللہ گنڈا پورنے فائرنگ کرنے والے ملزم کے بارے میں بتایاکہ ملزم پولیس کانسٹیبل ہے جس کا نام محمد عالم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم کو نفسیاتی مسئلہ تھا یا کوئی اور وجہ تھی اس کا پتہ بعد میں چلے گا لیکن فی الحال انھیں آلہ قتل سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔