جنوبی وزیرستان،لدھامیں گھر پر مارٹر گولہ گرنے سے خاتون جاں بحق، علاقہ مکینوں کا احتجاج

جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل لدھا کے علاقے کوٹ لنگرخیل میں گھر پر مارٹر گولہ گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔

واقعہ گزشتہ شب اس وقت پیش آیا جب مبینہ طور پر سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر عسکریت پسندوں نے فائرنگ کی، جس کے بعد جوابی کارروائی میں شیلنگ کی گئی۔

مقامی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے داغے گئے مارٹر گولے تین مختلف دیہات غوواک، کوٹ لنگرخیل اور سلطانہ میں گرے۔

کوٹ لنگرخیل میں ایک مارٹر گولہ ایک گھر پر گرا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون شدید زخمی ہوئیں۔ انہیں فوری طور پر سول ہسپتال لدھا منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔

متوفیہ خاتون کی نماز جنازہ آج ادا کی گئی، جس میں وزیرستان بھر سے سیاسی و سماجی رہنما اور قبائلی مشران نے شرکت کی۔ بعد ازاں جنازے میں شریک لوگوں نے لدھا قلعہ کے سامنے احتجاج کیا ۔

علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جائیں اور عام شہریوں کو جانی تحفظ فراہم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں