تعلیم کے بغیر نہ امن ممکن ہے نہ ترقی ،رحمت خان محسود

پشاور:چیئرمین محسود ویلفیئر ایسوسی ایشن(ماوا) و سابق ایڈیشنل آئی جی رحمت خان محسود کی جانب سے پشاور میں موجود قوم محسود سے تعلق رکھنے والے اورمختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دینے والے افسران اور سماجی شخصیات کے اعزاز میں عشائیہ تقریب سے کا اہتمام کیاگیا ۔

تقریب میں تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افسران اور سماجی شخصیات نے شرکت کی ۔تقریب کے دوران ماوا کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر نور زمان اور فنانس سیکرٹری رضاءاللہ جان نے ایسوسی ایشن کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

رحمت خان محسود نے نیوز کلاوڈ کو تقریب کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ محسود قبیلے سے تعلق رکھنے والے افسران کے ساتھ ایک تعارفی تقریب تھی،افسران کو باور کرانا تھا کہ و ہ اچھی پوزیشن پرہیں ،وہ محسود قوم کے غریب بچوں کےلئے تعلیمی سکالرشپس اور مختلف کالجوں و یونیورسٹیوں میں داخلوں کےلئے اپنا کردا ر ادا کرسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ماوا ایجوکیشن سٹی ایک میگا پراجیکٹ ہے جس سے محسود قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے ،ایجوکیشن سٹی کےلئے فنڈز کے اجراءمیں افسران ہماری مدد کرسکتے ہیں۔

رحمت خان محسود کا کہنا تھاکہ تعلیم کے بغیر نہ امن ممکن ہے نہ ترقی ،قوم کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے تو ان کے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے،جنوبی وزیرستان میں سینکڑوں بچے ابھی معیاری تعلیم سے محروم ہیں ،غریب قبائل کے بچے اگر تعلیم سے محروم رہیں گے تو وہ مستقبل میں کیسے اپنی زندگیا ں گزاریں گے۔