وانا ویلفیئرایسوسی ایشن کے بیسویں سالانہ تقسیم انعامات و سکالرشپ کی تقریب کا انعقاد

وانا ویلفیئر ایسوسی ایشن(واوا) کے زیر اہتمام پشاور میں بیسویں سالانہ تقسیم انعامات و سکالرشپ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ تھے۔ چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری، سیکریٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن معتصم باللہ، معززین علاقہ، طلباء اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افسران اور شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

نگران وزیر اعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نےتقریب سے خطاب کرتے ہوئے واوا کیلئے 50 لاکھ روپے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ خود وزیرستان جائیں گے تاکہ وہاں کے لوگوں کی محرومیوں کا جائزہ لیکر ان کا ازالہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع کی ترقی صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر اعلیٰ نے تعلیم کے فروغ کے لئے واوا کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت بھی اس کار خیر میں ان کا ساتھ دے گی۔

جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے کہا کہ وانا میں پانی کی مسلسل گرتی سطح کو بچانے اور زراعت کے شعبے کو فروغ دینے کی خاطر سمال ڈیمز بنانے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔

قبل ازین تقریب سے خطاب میں واوا کے چیئرمین رحمت اللہ وزیر نے ایسوسی ایشن کے اغراض ومقاصد اور تنظیم کی جانب سے وانا سب ڈویژن میں تعلیم کے فروغ اور وہاں کے یتیم اور مستحق طلباء کے فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

انہوں نے صوبائی حکومت سے جنوبی وزیرستان لوئر میں غیر فعال تعلیمی اداروں کی فعالی، غیر حاضر اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے، ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت لانے، زراعت کے شعبوں کو فروغ دینے اور سمال ڈیمز کی تعمیر کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔

سیکریٹری ایجوکیشن معتصم باللہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت پورے صوبے اور بالخصوص ضم اضلاع میں تعلیم کے فروغ، غیر فعال سکولوں کی فعالی، اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے اور سکولوں سے باہر بچوں کو داخلہ دلوانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے۔

تقریب سے چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ واوا نے جنوبی وزیرستان لوئر میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے جتنی تگ و دو کی ہے وہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت ضم اضلاع اور خصوصاً وزیرستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ عنقریب وانا کا دورہ کریں گے اور وہاں ترقیاتی منصوبوں اور تعلیم کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیں گے۔

تقریب کے اختتام پر نگراں وزیر اعلیٰ اور دیگر مہمانوں نے شملہ ور آف دی ایئر، طلباء اور دیگر شخصیات میں انعامات اور اعزازات تقسیم کئے۔