جنوبی وزیرستان : وانا بازار میں پولیس گاڑی پر دھماکہ، پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد جاں بحق،متعددزخمی

جنوبی وزیرستان لوئرکے مرکزی تجارتی مرکز لوئر وانا بازار میں ایک زور دار دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق دو پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

دھماکے کا نشانہ پولیس کی گاڑی تھی تاہم بازار میں شدید رش ہونے کے باعث بڑی تعداد میں عام شہری اور راہگیر بھی اس کی زد میں آ گئے۔

دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریبی دکانوں اور عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وانا منتقل کیا جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کی وجہ سے جانی نقصان میں اضافے کا خدشہ ہے۔

سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔

ممبر قومی اسمبلی محمد زبیر وزیر نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دل دہلا دینے والا واقعہ قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک جیسے بابرکت مہینے میں بے گناہ انسانوں کا خون بہنا نہایت تکلیف دہ ہے اور وزیرستان کے عوام مزید خونریزی برداشت نہیں کر سکتے۔

زبیر وزیر نےہدایت کی ہے کہ بازار میں موجود تمام سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ چیک کر کے ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے تاکہ انصاف کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں