قبائلی اضلاع سےتعلق رکھنے والی 3خواتین امیدواروں نے بھی عام انتخابات میں حصہ لینےکیلئےجنرل نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کردیئے ہیں۔
شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والی عابدہ نے قومی اسمبلی کی نسشت این اے 40 سے، ضلع خیبر کی صوبائی نشست پی کے 71 پر نسیم ریاض جبکہ باجوڑ کی صوبائی نشست پی کے 21 کے لیے سلطنت بی بی نے کاغذات نامزدگی جمع کئے ہیں۔
شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ کے علاقے سپلگہ کی رہائشی عابدہ کے شوہر شعبہ طب سے منسلک ہیں. انہوں نے کہا کہ انھیں خاندان کی جانب سے مکمل حمایت حاصل ہے.
عابدہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے بہت سارے فلاحی کام کئے ہیںاور زیادہ تر ان کا فوکس تعلیم کے شعبہ پر ہی رہا اور ا ب تک بہت سارے غریب بچوںکو سکول میںداخل کروایا ہے.
انہوں نے کہاہے کہ میں منتخب ہو کر علاقے کی عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہوں ہیں۔
دوسری جانب ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے حلقہ پی کے 71 سے پہلی مرتبہ نسیم ریاض نامی خاتون نے خیبرپختونخوا کی جنرل نشست کے لئے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ آفیسر اسسٹنٹ کمشنر باڑہ کے پاس جمع کرادیئے ہیں۔
خاتون نسیم ریاض کا تعلق باڑہ کے علاقہ ستوری خیل قبیلہ سے ہے۔
خبررساں ادارے ٹی این این سے بات چیت کرتے ہوئے خاتون امیدوار نے کہا کہ وہ عرصہ دراز سے سوشل سیکٹر میں کام کر رہی ہیں۔
نسیم ریاض نے کہاکہ باڑہ سمیت پورے ضلع میں خواتین، بچوں، بزرگوں اور خصوصی افراد کو بہت زیادہ مسائل کا سامنا ہے جن کے حل کے لئے انہوں نے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے میں مجھے میرے گھر والوں اور قبیلے کی طرف سے مکمل سپورٹ حاصل ہے اور کامیاب ہو کر دریپش مسائل کو نہ صرف اجاگر کرنے بلکہ ان کے حل کے لئے بھی کوشش کروں گی۔
باجوڑ کی صوبائی نشست پی کے 21 کے لیے پہلی بار خاتون سلطنت بی بی نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
سلطنت بی بی نے کہا ہے کہ باجوڑ میں خواتین کیلئے تعلیم، صحت، روزگار و دیگر مواقع پیدا کرنے کے جذبہ سے الیکشن میں حصہ لے رہی ہوں اگر کامیابی ملی تو خواتین کے حقوق کیلئے بھرپور جدوجہد کروں گی۔
انہوں نے 2021 کے بلدیاتی انتخابات میں خواتین کونسلر کی نشست بھی جیتی تھی۔