شمالی اور جنوبی وزیرستان لوئر میں دو مختلف واقعات میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مقامی رہنما سمیت دو افراد جاں بحق اور ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔
پہلا واقعہ جنوبی وزیرستان لوئرکی تحصیل برمل کے علاقے اعظم ورسک میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے عبدالصمد سرکی خیل جاں بحق اور راز محمد ادا خیل شدید زخمی ہو گئے۔
زخمی کو فوری طور پر ہیڈکوارٹر اسپتال وانا منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ٹارگٹڈ حملہ معلوم ہوتا ہے۔
دوسرے واقعے میں تحصیل دتہ خیل کے دیگان بازار میں نامعلوم حملہ آوروں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مقامی رہنما ملک عبداللہ پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ حملے کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
قبائلی اضلاع خصوصاً جنوبی وزیرستان لوئر، جنوبی وزیرستان اپر اور شمالی وزیرستان میں حالیہ دنوں میں بدامنی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
صرف رواں ہفتے کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو علما سمیت تین افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔