خیبرپختونخوا کابینہ کے دو وزراء عاقب اللہ خان اور فیصل ترکئی نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
سابق سپیکر اور پی ٹی آئی کے سینئررہنمااسد قیصر نے دونوں وزراء کے استعفوں کی تصدیق کی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے دونوں وزراء کے استعفوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ عاقب اللہ خان اور فیصل ترکئی نے اپنے استعفے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو ارسال کر دیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں وزراء پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے خلاف مبینہ سازش کا الزام تھااور گزشتہ روز علی امین گنڈا پور نے ان کے خلاف بانی تحریک انصاف کو شکایت بھی کی تھی۔
واضح رہے کہ سابق سپیکر اور ممبر قومی اسمبلی اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ خان خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی تھے جبکہ سابق صوبائی وزیر اور ممبر قومی اسمبلی شہرام ترکئی کے بھائی فیصل ترکئی ابتدائی و ثانوی تعلیم کے وزیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔