میرانشاہ :ضلعی انتظامیہ شمالی وزیرستان نے سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر 9 اگست بروز ہفتہ سے 11 اگست سوموار صبح 5 بجے تک مکمل کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے دوران ضلع بھر میں ہر قسم کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔ تمام تجارتی مراکز، بازار، مارکیٹس اور آمد و رفت کے راستے بند رہیں گے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ کرفیو کے دوران اپنی تمام روزمرہ سرگرمیاں مؤخر کر دیں اور انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ سورج غروب ہونے سے لے کر صبح سورج طلوع ہونے تک نقل و حرکت پر پابندی تاحکم ثانی برقرار رہے گی، لہٰذا عوام احتیاط برتیں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔