جنوبی وزیرستان میں ڈرون حملہ، حملے میں دو بچے جاں بحق ہوگئے۔
مقامی زرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے زانگاڑہ میں آج شام 6 بجے کے قریب مقامی مارکیٹ کے دکانوں پر ڈرون حملہ کیا گیا.
ڈرون حملے کی تصدیق اپرجنوبی وزیرستان کے سب ڈویژن سروکئی کے میئر شاہ فیصل غازی نے بھی اپنے سوشل میڈیا پر کی ہے. شاہ فیصل غازی نے اپنے فیس بک پیج پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ڈرون حملے میں دو بچے شہید جبکہ ایک زخمی ہوا ہے.
سراروغہ ہسپتال حکام نے بھی آج شام دو بچوں کو کسی حملے میں زخمی ہونے کی وجہ سے لانے کی تصدیق کی ہے.
نیوز کلاوڈ کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ہسپتال انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ دو بچوں کو آج ہسپتال لایا گیا تھا جس میں ایک پہلے سے ہی جاں بحق ہوچکے تھے جبکہ دوسرے زخمی تھے جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے.
مقامی زرائع کے مطابق سراروغہ ہسپتال میں شہید ہونے والے بچوں کےلواحقین نے بتایا کہ ڈرون حملہ ایک دوکان پر کیاگیا جبکہ یہ دوبچے دوکان کے قریب سے گزررہے تھے کہ حملے کی زد میں آ گئے.
انہوں نے بتایا کہ دکان میں کتنا جانی نقصان ہوا اس کا اندازہ نہیں بس وہ زخمی بچوں کو لیکر فوری طور پر سراروغہ ہسپتال کی طرف روانہ ہوگئے .
شہید ہونے ولے بچوں کے نام شاہد ولد حفیظ اللہ الہام ولد شوکت اللہ ہیں جبکہ ان کی عمریں پانچ سے چھ برس تک ہیں .
واضح رہے کہ پاکستان میں ڈرون حملوں کا سلسلہ 18 جون 2004 سے شروع ہوا تھا جبکہ آخری ڈرون حملہ جولائی 2018 میں کیا گیا تھا۔