ٹی ٹی پی کا سیزفائر ختم کرنے کا اعلان، ملک بھرمیں حملوں کاحکم

کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حکومت کے ساتھ طے پانے والا سیز فائر ختم کرتے ہوئے ملک بھر میں حملوں کا حکم دے دیا.

تحریک طالبان پاکستان کے وزیر دفاع مفتی مزاحم کی جانب سے جاری بیان میں متعلقہ کمانڈرز کوکہا گیا ہے کہ حال ہی میں لکی مروت سمیت مخلتف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ٹی ٹی پی کے خلاف مسلسل اپریشنز ہورہے ہیں اور اقدامی حملوں کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، تو آپ کیلئے یہ امر ہے کہ ملک بھر میں جہاں بھی آپ کی رسائی ہوسکتی ہے حملے کریں۔

بیان میں مذید کہا گیا ہے کہ ہم عوام پاکستان کی خدمت میں عرض کرتے ہیں کہ ہم نے بارہا آپ کو خبردار کیا اور مسلسل صبر سے کام لیا تاکہ مذاکراتی عمل کم از کم ہماری طرف سے سبوتاژ نہ ہو، مگر فوج و خفیہ ادارے باز نہ آئے اور حملے جاری رکھے، لہذا اب ملک بھر میں ہمارے انتقامی حملے بھی شروع ہوں گے۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل مذاکراتی کمیٹی کے اہم رکن سابق سینیٹر صالح شاہ قریشی نےانکشاف کیا تھا کہ حکومت پاکستان اور ٹی ٹی پی دونوں فریقین کی جانب سے مذاکراتی عمل کو جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا گیاہے.