جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل لدھا کے علاقے کوٹ اڈنہ میں نامعلوم مسلح افراد نے ڈپٹی کمشنر عصمت اللہ وزیر اور اسسٹنٹ کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ کی گاڑی پرفائرنگ کی جس کےنتیجے میں ایک پولیس اہلکار سمیت د و افراد زخمی ہوگئے
سرکاری زرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی گاڑی پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ لدھا سے مکین جا رہے تھے۔
فائرنگ کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر ایف اینڈ پی کے محرر اعجاز اور ایک پولیس اہلکار گل نواز زخمی ہو گئےجنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر عصمت اللہ وزیر اور اسسٹنٹ کمشنر حملے میں محفوظ رہے۔
پولیس کے مطابق ڈپٹی کمشنر اور دیگر عملے کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔
علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔