شمالی وزیرستان،نامعلوم افرد کی فائرنگ سے قبائلی رہنما ملک محمد رحمان داوڑ اور ان کا ڈرائیور جاں بحق

شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے قبائلی شخصیت ملک محمد رحمان داوڑ اور ان کے ڈرائیور کو قتل کر دیا۔

واقعہ میرانشاہ بنوں روڈ پر داوڑ پمپ تپی کے قریب پیش آیا جہاں موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے ملک محمد رحمان کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دونوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ ریسکیو ٹیموں نے لاشوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا۔

پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائی کے بعد میتیں لواحقین کے حوالے کر دی جائیں گی۔

سیکیورٹی اداروں نے علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے، تاہم تاحال کسی گرفتاری کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

یادرہے کہ ملک محمد رحمان داوڑ کو اس سے قبل بھی شدید خطرات لاحق تھےاور ان کے دو بیٹے پہلے ہی نامعلوم افراد کی فائرنگ کا نشانہ بن چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں