جنوبی وزیرستان لوئر میں قبائلی رہنما کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملک ہاشم توجئے خیل وانا بازار سے آبائی علاقے وچہ دانا جارہے تھے کہ راستے میں دژہ غونڈئی کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد انھیں گاڑی سے اتار کرلئے گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق ان کی تلاش جاری ہے تاہم اب تک کوئی سراغ نہیں ملا
واقعے پر اہلِ علاقہ نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت، سول انتظامیہ اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک ہاشم کی بحفاظت بازیابی کو یقینی بنائیں۔
جنوبی وزیرستان لوئر میں امن و امان کی صورتحال گذشتہ کئی سالوں سے خراب ہے۔
گذشتہ ہفتے وانا میں شکئی سٹینڈ کے قریب پولیس کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ کیا گیاجس کے نتیجے میںتین عام شہری جاں بحق جبکہ دو پولیس اہلکاروں سمیت 15 سے افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ گذشتہ روز تحصیل برمل میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عالم دین جاں بحق ہوگئے تھے۔