جنوبی وزیرستان لوئر: قبائلی رہنما دو بیٹوں سمیت بم دھماکے میں جاں بحق

جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانہ میں صدارتی ایوارڈ یافتہ قبائلی رہنما اسلم نور وزیر دو بیٹوں سمیت بم دھماکے میں جاں بحق ہوگئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر(ڈی پی او) جنوبی وزیرستان لوئر فرمان اللہ وردگ کے مطابق دھماکہ دژہ غونڈی میں ایک دوکان کے اندر ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے میں دوکاندار صاحب نور جاں بحق جبکہ اسلم نور وزیر کا ڈرائیور زخمی ہوا ہے۔

فرمان اللہ وردگ کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمی ڈرائیور کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ قبائلی رہنما اسلم نور وزیر صدارتی ایوارڈ یافتہ ہیں جبکہ اس سے قبل ان کے خاندان کے 5 افراد قتل کئے جا چکے ہیں.