ضلع کرم کی تحصیل پاڑہ چنار کے علاقے نستی کوٹ میں بارودی سرنگوں کے تین پے در پے دھماکوں کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق بارودی مواد کچے راستوں میں نصب کیا گیا تھا جس نے عام شہریوں کو نشانہ بنایا۔
دھماکوں کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ بارودی سرنگیں کچے راستوں میں عام شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے بچھائی گئی تھیں۔ ان حملوں کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ مزید کسی تخریبی کارروائی کو روکا جا سکے۔
پولیس نے اس افسوسناک واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔









