خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں پاک افغان سرحد طورخم پر کسٹم کلیئرنس ایجنٹس، تاجروں اور ٹرانسپورٹروں نے عارضی داخلہ دستاویز (ٹی اے ڈی )پالیسی کے خلاف احتجاجی پہیہ جام ہڑتال شروع کر دی ہے۔
مظاہرین نے زیرو پوائنٹ کے قریب اہم تجارتی راستوں کو بند کر دیا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان آمدورفت مکمل طور پر بند ہوگئی.
مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ حکومت طورخم بارڈر پر ٹی اے ڈی پالیسی میں نرمی لائے اور عارضی ٹوکن پر مال بردار گاڑیوں کو سرحد پار کرنے کی اجازت دے۔
پہیہ جام ہڑتال کی قیادت کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین معراج الدین شینواری، صدر ایمل شینواری اور ٹرانسپورٹرز یونین کے صدور کر رہے ہیں۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ ٹیڈ پالیسی کی موجودہ صورتحال نے تجارت کو مشکلات میں ڈال دیا ہے اور ان کے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
مظاہرین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ عارضی ٹوکن کی بنیاد پر مال بردار گاڑیوں کو سرحد پار کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ تجارت کی روانی برقرار رکھی جا سکے اور اقتصادی نقصان سے بچا جا سکے۔