لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاک فوج کے ترجمان کی پریس ریلیز سے تاثر پیدا ہورہا ہے کہ فوج قانون سے بالا تر ہے۔
آئی ایس پی آر کے عمران خان کے الزامات پر جاری کی گئی پریس ریلیز پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز حیران کن ہے۔
ISPR نے حیران کن پریس ریلیز جاری کی ہے، اگر عمران خان سمجھتے ہیں کہ ان پر قاتلانہ حملہ میں کوئ آفیسر ملوث ہیں تو آزادانہ اور شفاف گتحقیقات کے ذریعے ان کو مطمئن کیا جانا چاہئے کہ ایسا نہیں ہے، لیکن الزام کی تحقیقات سے انکار اور ایسی پریس ریلیز سے آپ بتا رہے ہیں کہ پاکستان میں آپ…
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) May 8, 2023
انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان سمجھتے ہیں کہ اُن پر قاتلانہ حملے میں کوئی افسر ملوث ہیں تو آزادانہ اور شفاف تحقیقات کے ذریعے ہی مطمئن کیا جانا چاہیے اور واضح کرنا چاہیے کہ ایسا نہیں ہے۔
فواد چوہدری نے لکھا کہ الزام کی تحقیقات سے انکار اور ایسی پریس ریلیز سے بتارہے ہیں کہ پاکستان میں آپ قانون سے بالاتر ہیں، ایسے رویے قوموں کیلیے تباہ کن ہیں۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا کہ آئی ایس پی آر سے مکمل اتفاق کرتا ہوں کہ الزامات کے حل کے لیے قانونی راستہ اختیار کیا جائے۔