خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں ججوں کے قافلے پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے ہیں۔
پولیس زرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کی سنیئر سول جج طاہرہ ملک،ایڈیشنل سول جج اصغرعلی شاہ اور ضلع ٹانک کے سینئر سول جج حسنین احمد ایک گاڑی میں پولیس سیکیورٹی میں ٹانک سے ڈیرہ اسماعیل خان جا رہے تھے کہ بھگوال کے علاقے میں ان پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا ۔
حملے کے بعد ججوں کو پولیس نے محفوظ مقام پر متنقل کردیا ہے جبکہ مسلح افراد سے فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے۔ جاں بحق دو نوں پولیس اہلکار عبدالصمد اور عبداللہ کا تعلق جنوبی وزیرستان اپر سے ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ٹانک اور جنوبی وزیرستان کی پولیس بھی جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال 27 اپریل کو ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج جنوبی وزیرستان شاکر اللہ مروت کو نامعلوم افراد نےاغواء کیا تھا جسے ایک روز بعد جرگے کے زریعے بازیاب کروایا گیا۔
مذکورہ واقعے کے بعد جنوبی وزیرستان اپر ،لوئر اور ٹانک کی پولیس نے تینوں اضلاع کے ججز کیلئے سیکیورٹی پلان ترتیب دیا تھا۔آج بھی تینوں اضلاع کے جج دو پولیس گاڑیوں کے حصار میں ٹانک سے ڈیرہ اسماعیل خان روانہ ہوئے تھے۔