پشاور کے علاقے حیات آباد میں ایف سی کی گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حیات آباد فیز 6میں یہ دھماکہ سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب ہوا جس کے سبب جانی نقصان کا اندیشہ ہے۔
ایس پی کینٹ وقاص رفیق نے خود کش دھماکے کی تصدیق کی ہے جو فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گاڑی کے قریب ہوا ہے، دھماکے کے نتیجے میں دو گاڑیاں تباہ ہوئیں۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں 10 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 7 سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں جن میں دو کی حالت تشویش ناک ہے۔
زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
حیات آباد پشاور کے پوش علاقوں میں سے ایک ہے جہاں پولیس چوکی کے ساتھ ساتھ ہسپتال اور سرکاری دفاتر بھی موجود ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ ماہ سے پشاور اور خیبر پختونخوا علاقے دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں جہاں عموماً سیکیورٹی فورسز کی گاڑیوں اور چوکیوں کو نشانہ بنایا جاتاہے۔