خیبرپختونخوا کی نگراں حکومت نے قبائلی اضلاع میں چھٹی سے بارہویں جماعت کی طالبات کے لیے ماہانہ وظیفہ پروگرام میں 2025 تک توسیع کی منظوری دیدی۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت اجلاس میںقبائلی اضلاع کی طالبات کی منظوری دی گئی.
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 2023 میں قبائلی اضلاع کی 32 ہزار 833 طالبات، 2024 میں 37 ہزار 758 اور 2025 میں 43 ہزار 422 کو 940.5 ملین روپے کی تخمینہ لاگت سے وظائف فراہم کیے جائیں گے۔
کابینہ نے سکالرشپ کی تقسیم کو طالبات کی کارکردگی، امتحانی نتائج اور 70 فیصد کی کم از کم حاضری سے جوڑنے کی تجویز کی بھی منظوری دی۔
اعلامیے میں وظیفے کی وضاحت نہیں کی گئی کہ کتنی رقم ایک طالبہ کو ادا کی جائے گی .
اجلاس میں وزیراعلی کے علاوہ کابینہ کے ارکان، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، انتظامی سیکرٹریز اور صوبے کے دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
کابینہ نےجنوبی وزیرستان لوئر کے میل اور فی میل ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے عہدوں کے قیام کی بھی منظوری دی.