جنوبی وزیرستان،نامعلوم افراد نے سابق سینیٹر صالح شاہ قریشی کا گھر بم سے اڑا دیا

جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل تیارزہ میں سابق سینیٹر مولاناصالح شاہ قریشی کے گھر کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا ہے.

تھانہ تیارزہ پولیس کے مطابق گذشتہ شب خیسور کے علاقے میں نامعلوم افراد نےجمعیت علما اسلام کے رہنما اور سابق سینیٹر صالح شاہ قریشی کے گھر کے ساتھ بم نصب کیاتھا۔

دھماکے کے نتیجے میں مکان کا ایک حصہ مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے تاہم گھر خالی ہونے پر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے.

پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کرتے ہوئے تفتیش شروع کرد ی ہے.

یاد رہے کہ گذشتہ روز جنوبی وزیرستان لوئر کے صدرمقام وانا کے علاقے غوا خوا میں پولیس ایس ایچ او کی پرائیوٹ گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایاگیا۔

پولیس حکام کے مطابق دھماکے سے ایس ایچ او مزمل خان دو ساتھیوں سمیت زخمی ہوگئے جنھیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔