ضلع جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا میں چلغوزے کے کاروبار سے منسلک تاجروں نےلاہور میں چلغوزہ سٹور سیل کرنے کے خلاف احتجاج کیا ہے۔
چلغوزہ یونین کے زیر اہتمام رستم بازار میں منعقد احتجاج مظاہرے کے دوران چلوزہ مارکیٹ کو بند کیا گیا تھا۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر کسٹم کلیکٹر لاہور محمد سعید وٹو کے اقدامات کی مذمت کی تحریریں لکھی گئی تھیں۔
احتجاج مظاہرے کے دوران چلغوزہ کے کاروبار سے منسلک عمران وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےبتایا کہ لاہور میں وزیرستان کے چلغوزہ سٹور کو کسٹم کلیکٹر نے غیر قانونی طور پر سیل کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ دنوں سے لاہور میں کسٹم حکام کی جانب سے غیر قانونی کارروائیوں کے تحت چلغوزہ سٹور کی بندش سنگین جرم اور ہمارے ساتھ ناانصافی ہے۔
زاہد اللہ وزیر نے کہاکہ ہم چلغوزہ قانونی طریقہ کار کے تحت ملک کے مختلف شہروں تک سپلائی کرتے ہیں اور محکمہ جنگلات کو فی کلو 25 روپے ٹیکس بھی ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے باوجود وزیرستان کے چلغوزہ سٹور کو لاہور میں سیل کرنا سراسر ظلم اور استحصال کے مترادف ہے۔یہ چلغوزہ خالص وزیرستان کی پیداوار ہے جسے غیر قانونی طریقے یا اسمگلنگ کے ذریعے کہیں اور سے نہیں لایا گیا۔