جنوبی وزیرستان کی میڈیکل سیٹوں پر ناانصافی ہورہی ہے،وزیراعلی نوٹس لیں،سعید انور محسود

جنوبی وزیرستان کو دو اضلاع میں تقسیم ہوئے تین سال گزر چکے ہیں تاہم دونوں اضلاع کو اب بھی ایک ہی ضلع کے طور پر میڈیکل سیٹوں کا کوٹہ دیا جا رہا ہے۔

جنوبی وزیرستان اپر سے تعلق رکھنے والے سیاسی و قبائلی رہنما ملک سعید انور محسودنے کہا ہے کہ سابقہ جنوبی وزیرستان اب جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر کے نام سے دو الگ اضلاع میں تقسیم کردیا گیا تاہم میڈیکل کے لیے مختص بیالیس سیٹیں اب بھی مشترکہ ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان ان کا کہنا تھا کہ باقی سابقہ فاٹا کے اضلاع کی طرح ہر نئے ضلع کے لیے الگ الگ میڈیکل کوٹہ مختص کیا جانا چاہیے تاکہ جنوبی وزیرستان اپر اور لوئر کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔

انہوں نے صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی اور ہوم ڈیپارٹمنٹ سے درخواست کی کہ اس مسئلے پر فوری توجہ دی جائے۔

سعید انور نے مزید کہا کہ اس معاملے میں ایم پی ایز، ایم این ایز اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کا کردار بھی اہم ہے اور وہ اس حوالے سے اپنا موقف واضح کریں۔

بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر حکومت اور متعلقہ حکام اس مسئلے کو حل نہ کریں تو عوامی احتجاج پر مجبور ہونا پڑ سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں