جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا میں گاڑی پر راکٹ حملے میں سی ٹی ڈی اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ گذشتہ شب وانہ اعظم ورسک روڈ پر دژہ غونڈئی کے علاقے میں پیش آیا ہے۔
حکام کے مطابق نامعلوم افراد نے فیلڈر کار پر راکٹ لانچرز فائر کئے ہیں اور فائرنگ کردی۔
حملے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تین افراد مصطفی،یونس اور سی ٹی ڈی پولیس اہلکار عثمان جاں بحق ہوگئے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے وانا میں نامعلوم افراد کی جانب سے گاڑی پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئےجاں بحق عثمان کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیرِ داخلہ نےجاں بحق اہلکار کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یک جہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، شہداء کی قربانیوں کو سلیوٹ کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ 25 اکتوبر کو وانامیں پولیس ایس ایچ او کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں پولیس افسر مذمل وزیر اپنے دو ساتھیوں سمیت زخمی ہوگئے تھے۔