جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل توئی خولہ میں مالی لین دین کے تنازع نے خونی تصادم کی شکل اختیار کر لی جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر اور دو پولیس اہلکاروں سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب دو فریقین کے درمیان پیسوں کے لین دین پر تلخ کلامی ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے مسلح تصادم میں تبدیل ہو گئی۔
فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور فریقین کے درمیان بیچ بچاؤ کرانے کی کوشش کی، تاہم اس دوران فائرنگ کی زد میں آ کر سب انسپکٹر قطب الدین، دو پولیس اہلکار اور تین سویلین زخمی ہو گئے۔
واقعے کے فوری بعد تمام زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اسپتال ذرائع اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں صورتحال کنٹرول میں ہے اور فائرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔









