جنوبی وزیرستان اپر، لدھامارکیٹ کے اطراف میں نصب سولر لائٹس ناکارہ، بیٹریاں چوری ہوگئی

(ودود محسود)جنوبی وزیرستان اپر کے حساس اور مرکزی علاقے لدھا میں واقع ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اور پولیس تھانہ کے سامنے یو این ڈی پی (UNDP) پراجیکٹ کے تحت لگائی گئی سولر سسٹم لائٹس مکمل طور پر ناکارہ ہو چکی ہیں۔

ان سولر لائٹس کی قیمتی بیٹریاں چوری کر لی گئی ہیں، جس سے نہ صرف علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا ہے ۔

یو این ڈی پی کے اس منصوبے کا مقصد علاقے کو ماحول دوست توانائی کی فراہمی اور روشن راستے فراہم کرنا تھا۔

علاقہ مکینوں نے واقعے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور مقامی پولیس کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ جب تھانے کے بالکل سامنے سے بیٹریاں چوری ہو سکتی ہیں تو دور دراز علاقوں کا کیا حال ہوگا؟ لوگوں کا کہنا ہے کہ سولر سسٹم ایک قیمتی اثاثہ تھا جس سے عوامی فلاح مقصود تھی، مگر اس کی حفاظت میں ناکامی نے مقامی حکومت کی ناہلی کو بے نقاب کر دیا ہے۔

مقامی رہائیشیوں کے مطابق چوری کی یہ واردات ایسے علاقے میں پیش آئی ہے جہاں سیکیورٹی ہمیشہ سے حساس رہی ہے۔

پولیس تھانے اور ضلعی دفاتر کے بالکل سامنے نصب کیے گئے سولر سسٹمز کی بیٹریاں چوری ہونا نہ صرف سیکیورٹی نظام کی کمزوری کی نشاندہی کرتا ہے بلکہ یہ ایک واضح پیغام بھی ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ایسے واقعات کی روک تھام میں ناکام ہو چکے ہیں۔

عوام نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر چوری کی اس واردات کی غیر جانبدارانہ اور مکمل تحقیقات کی جائیں، ذمہ داروں کو گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے اور علاقے میں نصب تمام سولر لائٹس کو بحال کر کے مؤثر نگرانی کا نظام بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

علاقہ مکینوں نے یو این ڈی پی سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقامی حکومت سے جواب طلب کرے اور آئندہ ایسے منصوبوں کی تنصیب سے قبل حفاظت کے بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ جنوبی وزیرستان جیسے پسماندہ اور حساس علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کے تحفظ کے حوالے سے ایک لمحہ فکریہ ہے، جو ضلعی سطح پر گورننس اور نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں