سراج الحق کا انتخابی دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ سے کمیشن کے قیام کا مطالبہ

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نےانتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ سے کمیشن کے قیام کا مطالبہ کر دیا۔

اسلام آباد میں’جمہوریت بچاؤ‘ کانفرنس سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ ملک میں نہ اس وقت معیشت ہے، نہ دفاع ہے، نہ ہی انصاف موجود ہے۔

انہوں نےکہاکہ 75 سالوں سے ایک دائرے میں سفر جاری ہے، عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے، سپریم کورٹ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے آزاد کمیشن تشکیل دے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھاکہ یہاں پہلے سے فیصلہ ہوتا ہے کہ کون سا صوبہ کس سیاسی جماعت کو دینا ہے، پارٹیوں کے اندر بھی جمہوریت موجود نہیں ہے۔

سراج الحق نے سیاسی جماعتوں کو نمائندگی دینے کے لیے متناسب نمائندگی کے نظام کی بھی تجویز دی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہد حسین سید نے خطاب میں کہا کہ یہ ایک منفرد الیکشن ہوا ہے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اکثریت کے ساتھ آگے آئی ہے، یہ واحد الیکشن ہیں جس میں رہنماؤں نے کہا ہم ہار چکے ہیں۔

انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

کانفرنس کے شرکا نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن انتخابات میں دھاندلی پر اپنی ناکامی تسلیم کرے اور چیف الیکشن کمشنر فی الفور استعفیٰ دے کر قوم کے سامنے معافی مانگیں۔