شمالی وزیرستان، اتمانزئی جرگہ کی کال پر میرعلی میں شٹرڈاؤن ہڑتال اور احتجاج

شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں اتمانزئی جرگہ کی کال پر شٹرڈاؤن ہڑتال اور احتجاج کیا گیا ۔

میرعلی بازار سمیت دیگر کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ بنوں میرانشاہ مرکزی شاہراہ ہر قسم کیلئے بند کیا گیا ہے جس کی عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

احتجاج اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان اتمانزئی جرگہ کے ترجمان مفتی بیت اللہ نےچار روز قبل کیا تھا۔

انہوں نے اپنے جاری ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ شمالی وزیرستان میں بدامنی کی لہر نے تمام شعبوں کو متاثر کیا ہے۔ شعبہ تعلیم اور صحت کے ملازمین کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے حالات اپریشن ضرب عضب کے دوران بھی بنے تھے جہاں سٹرک پر ایجوکیشن کلرک کی لاش پڑی ہوتی تھی اور ا ن سے تنخواہیں کوئی لوٹ کر لے جاتا تھا۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ امن کے نام عوام کو ٹارگٹ کیا جارہاہے اور اس سلسلے میں ہم 30 ستمبر کو ضلع بھر میں احتجاج کریں گے اور ہمارا احتجاج تب تک جاری رہیگا جب تک انتطامیہ کی جانب سے امن و امان کی گارنٹی نہیں دی جاتی۔