شاہین شاہ آفریدی ون ڈے کے نمبر ون بولر بن گئے،آئی سی سی رینکنگ جاری

آئی سی سی نےورلڈ کپ کے دوران کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کی ہےجس کے مطابق فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی دسویں نمبر سے اونچی چھلانگ لگاتے ہوئے پہلے نمبر پر براجمان ہوگئے۔

آئی سی سی رینکنگ کے مطابق شاہین شاہ آفریدی 673 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں ، آسٹریلیا کے جوش ہیزلووڈ 663 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے۔

بھارت کے محمد سراج 656 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج چھوتے اور نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ پانچویں نمبر پر ہیں ۔ کشو مہاراج کے 651 اور ٹرینٹ بولٹ کے 649 پوائنٹس ہیں۔

دوسری جانب آئی سی سی بیٹرز کی رینکنگ میں مسلسل بابر اعظم بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، لیکن ریٹنگ پوائنٹس میں گراوٹ کا سلسلہ برقرار ہے۔ وہ 818 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر قابض ہیں جبکہ بھارتی بیٹر شبمن گل 816 کے ہمراہ دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے میچ میں شاہین آفرید ی نے تنزید حسن کو آؤٹ کرکے 100 ویں وکٹ حاصل کی جس کے بعد قومی کھلاڑی 100 وکٹیں لینے والے تیز ترین فاسٹ بالر بن گئے۔

شاہین آفریدی نے 51 میچز میں 100 وکٹوں کا کارنامہ انجام دیا، اس سے قبل مچل اسٹارک نے 52 میچز میں سو وکٹیں حاصل کی تھیں۔