خیبرپختونخوا :حساس اداروں کی کارروائی،کرنسی سمگلنگ میں ملوث42ملزمان گرفتار

پشاور:خیبر پختونخوا میں ایف آئی اے کے ونگ کمرشل بینکنگ سرکل اورحساس اداروں نے کرنسی کے غیر قانونی کاروبار حوالہ ہنڈی اور کرنسی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں۔

رواں ہفتے پشاورمیں مختلف کارروائیوں کے دوران 7 ملزمان کو گرفتار کرکے 2کروڑ روپے کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد کی جا چکی ہے جبکہ رواں سال ہزاروں ڈالرز بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

ایک ہفتے کے دوران ایف آئی اے نے پشاور میں ہنڈی حوالہ کا گڑھ سمجھے جانے والے چوک یادگار میں 6 چھاپے مارے اور کروڑوں روپے مالیت کی ملکی اورغیر ملکی کرنسی برآمد کرتے ہوئے 32 دکانوں پر مشتمل 4 پلازوں کو سیل کیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینکنگ سرکل افضال خان نیازی نے بتایا ہے کہ رواں ماہ صوبے بھر سے ہنڈی حوالے میں ملوث 42 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن سے17 کروڑ روپے برآمد ہوئے،برآمد کرنسی میں ہزاروں امریکی ڈالرز اور سعودی ریال شامل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہنڈی حوالہ اور کرنسی کی غیر قانونی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف ایف آئی اے نے خیبرپختونخوا کا کوئی شہرنہیں چھوڑا جہاں انہوں نے ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے مقدمات درج نہ کیے ہوں۔

افضال خان نیازی نے مزید بتایا کہ رواں سال پشاورچوک یاد گار میں 50 جب کہ صوبے بھر میں 262 ایف آئی آر درج ہوئیں اور305 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں 43 افغان باشندہ بھی شامل ہیں۔گرفتار ملزمان سے مجموعی طور پر 66 کروڑ 60 لاکھ روپے برآمد کیے گئے ہیں۔