جنوبی وزیرستان میں سرکاری اسکول کو بارودی مواد سے اڑا دیا گیا

جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل کے علاقے اعظم ورسک میں نامعلوم مسلح افراد نے رات گئے گورنمنٹ مڈل اسکول شریف خان کوٹ کو بارودی مواد سے اڑا دیا۔

دھماکے کے نتیجے میں اسکول کی عمارت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) محمد طاہر شاہ وزیر کے مطابق دھماکہ خیز مواد کے ذریعے اسکول کے دو کمروں، باتھ رومز، مین گیٹ اور ایک جانب کی چار دیواری کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔

دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کی شدت سے اسکول کے قریبی گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے، جہاں دیواروں اور کھڑکیوں کے ٹوٹنے کے علاوہ گھروں کی چھتوں پر نصب سولر پینلز بھی متاثر ہوئے ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق رات کا وقت ہونے کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہواتاہم تعلیمی ادارے کی عمارت کا بڑا حصہ ملبے کا ڈھیر بن گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں