عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی سابق رہنما ثمر ہارون بلور نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
ان کا باضابطہ اعلان آج اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران سامنے آیا۔
ذرائع کے مطابق، ثمر بلور کی وزیراعظم سے ملاقات میں وفاقی وزیر امیر مقام بھی شریک تھے۔ اس موقع پر ثمر بلور نے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کے فیصلے سے باقاعدہ طور پر آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے ثمر بلور کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے خیبرپختونخوا میں پارٹی کو نئی توانائی ملے گی اور عوامی سطح پر (ن) لیگ مزید فعال ہو گی۔
ثمر بلور ماضی میں اے این پی کی متحرک رہنما رہ چکی ہیں، وہ پارٹی کی صوبائی سیکریٹری اطلاعات کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں اور خیبرپختونخوا اسمبلی کی رکن بھی رہی ہیں۔ ان کا تعلق صوبے کے معروف سیاسی گھرانے، بلور خاندان سے ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں ثمر بلور کا کہنا تھا کہ انہوں نے سوچ سمجھ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے، اور ان کی کوشش ہو گی کہ وہ عوام کی خدمت کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔