خاتون صحافی صدف نعیم کو سپردخاک کردیا گیا

لاہور:پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران حادثے میں جاں بحق ہونے والی صحافی صدف نعیم کی نماز جنازہ اچھرہ میں ادا کر دی گئی جس کے بعد انہیں لاہور کے میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔

پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران حادثے میں چینل فائیو کی شہید ہونے والی خاتون رپورٹر صدف نعیم کی نماز جنازہ لاہور کے علاقے اچھرہ میں ادا کردی گئی، نمازجنازہ میں تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری ، عمر سرفراز چیمہ ، میاں اسلم اقبال سمیت بڑی تعداد میں سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب نے شہید صحافی صدف نعیم کے اہلخانہ کے لیے پچاس، پچاس لاکھ روپے امدادکا اعلان کر دیا۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو امدادی رقم کا چیک جلد از جلد اہلخانہ کے حوالے کرنے کی ہدایت کی ہے۔

چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت مرحومہ صدف کی فیملی کی مکمل دیکھ بھال کرے گی۔ پنجاب کے محکمہ تعلقات عامہ نے بھی دس لاکھ روپے ورثا کو دینے کا اعلان کیا ہے۔