کوئٹہ کےعلاقے سرہ غڑگئی میں دھماکا، قبائلی رہنما سردار عبدالسلام بازئی بھائی سمیت جاں بحق

کوئٹہ کے نواحی علاقے سرہ غڑگئی میں قبائلی رہنما سردار عبدالسلام بازئی کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں وہ اپنے بھائی سمیت جاں بحق ہوگئے۔

پولیس دھماکا اُس وقت ہوا جب متاثرہ افراد ایک گاڑی میں کوئلہ کان کی جانب جا رہے تھے۔مذکورہ گاڑی ایک کوئلہ کان کے مالک سردار عبد السلام بازئی کی تھی جنہیں اطلاع ملی تھی کہ ان کی کان پر حملہ ہوا ہے اور وہاں موجود گاڑیاں اور دیگر املاک کو نذر آتش کر دیا گیا ہے۔

اطلاع ملتے ہی وہ دیگر افراد کے ہمراہ جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوئے تاہم راستے میں سرہ غڑگئی کے مقام پر ان کی گاڑی کے قریب دھماکا ہو گیا۔

دھماکے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 7افراد زخمی ہوگئے جن کی شناخت جانان، سیف الرحمان، سمیع اللہ، زبیع اللہ، محمد آصف، نصیب اللہ اور جمیل احمد سے ہوئی ہے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں