صوبائی دارلحکومت کوئٹہ میں بم دھماکے اور فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں نواب اسلم رئیسانی کے بھتیجے نوابزادہ ہارون رئیسانی سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔
کوئٹہ کے علاقے اسپنی روڈ پر دھماکے میں ایک شخص ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دھماکا پولیس اسٹیشن خروٹ آباد کے قریب ہوا۔
ایس ایچ او خروٹ آباد نے بتایا کہ ہلاک شخص کے پاس بارودی مواد تھا، اوروہ پولیس ناکے کو ٹارگٹ کرنا چاہتا تھا اور وہ بارودی مواد پولیس ناکے کی ہی جانب لارہا تھا تاہم راستے میں ہی دھماکا ہوگیا۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لےکر تفتیش شروع کردی ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ کے سریاب روڈ پر دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 زخمی ہیں۔
حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں سابق وزیر نواب اسلم رئیسانی کے بھتیجے نوابزادہ ہارون رئیسانی بھی شامل ہیں۔
حکام نے مزید بتایا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لئے ہستپال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔