پشتون تحفظ مومنٹ(پی ٹی ایم) کے زیراہتمام نقیب اللہ قتل کیس میں راو انوار سمیت تمام ملزمان کی بریت کے فیصلے کےخلاف احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیاگیا۔
اسلام آباد پریس کلب کے باہر ہونے والے مظاہرے سے فرزانہ باری،بابا جان، اولس یار اور دیگر سیاسی و سماجی رہنماوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نقیب اللہ قتل کیس میں عدالت کا فیصلہ انصاف کا قتل ہےجس کی توقع راو انوار کو دیئے جانے والے پروٹول سے کیا جارہاتھا۔
انہوں نے کہا کہ نقیب اللہ کی شہادت پشتونوں کےلئے ستارہ بن کر ابھرا،اس کی شہادت نے پشتونوں کی روح میں جان ڈالی اوراب اس کو آگے لے جانے کےلئے کیا کیا جائے اس پر سوچنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پشتون،بلوچ،گلگتی،سندھی اور پنجابی بن کر اس ظالم نظام کا مقابلہ نہیں کرسکتے،ہمیں اس نظام کا مقابلہ کرنے کےلئے اتفاق پیداکرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ راو انوار نے خود اقرار کیا تھا کہ میں نے اس کو قتل کیا ہے یہ دہشت گرد ہے اورعدالت نے ثابت کیا کہ یہ دہشت گرد نہیں پرامن شہری ہے۔
واضح رہے کہ پشتون تحفظ مومنٹ کے سربراہ منظور پشتین کی جانب سے نقیب اللہ قتل کیس میں راو انوار سمیت تمام ملزمان کی بریت کے خلاف ملک بھر میں پرامن احتجاجی مظاہروں کی کال دی تھی۔