پشتون تحفظ موومنٹ(پی ٹی ایم) کے مرکزی رہنماء اور سماجی کارکن عالمزیب محسود کو ڈیرہ اسماعیل خان پولیس نے منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ صدر پولیس کی جانب سے درج ایف آئی آر کے مطابق انھیں اطلاع ملی کہ چشمہ رو ڈ پر دو افراد موجود ہیں جن کے پاس بھاری مقدار میں چرس موجود ہے جنہیں فروخت کرنے کےلئے کہیں لے جایا رہاہے ۔
ایف آئی آر کے مطابق تھانہ صدر پولیس نے جب جائے وقوعہ پر چھاپہ مارا تو انھیں عالمزیب خان اور ساجد نامی دو افراد کو گرفتار کیا اور ان سے 1080 گرام چرس برآمد کرلیا۔
پی ٹی ایم ڈیرہ اسماعیل خان کےرہنماء نور آیاز محسود کےمطابق تھانہ صدر پولیس نے عالمزیب محسود کو سول مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا اور عدالت نے عالمزیب محسود کو سنٹرل جیل منتقل کرنے کی ہدایت کی جبکہ کیس کی کاروائی سموار کے روز ہوگی۔
نورآیاز محسودنے عالمزیب محسود کی گرفتاری کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ رات کو 1 بجے کے قریب ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ صدر کی پولیس نے چشمہ روڈ پر عالمزیب محسود کے گھر پر چھاپہ مارا اور انھیں بھانجے ساجد محسود سمیت گرفتار کرلیا.
نیوز کلاؤڈ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ پولیس نے دوران گرفتاری گھر کے چادر اور چاردیواری کے تقدس کو بھی پامال کیا اور گھر میں تھوڑ پھوڑ کی ۔
ٹی ایم کے رہنماء اور جنوبی وزیرستان اپر کے سب ڈویژن سروکئی میئر شاہ فیصل غازی نے عالمزیب محسود کی گرفتاری کی مذمت کی ۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں شاہ فیصل غازی کا کہنا ہے کہ عالمزیب محسود کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں ،عالمزیب تو باہر گھومتے پھرتے تھے اگر اتنے بڑے مجرم تھے تو گھر سے باہر کیوں گرفتار نہیں کیاگیا.
واضح رہے کہ عالمزیب محسود قبائلی اضلاع میں لینڈمائنز کی صفائی اور لاپتہ افراد کی بازیابی کےلئے سرگرم ہیں۔