عمران خان پر قاتلانہ حملہ، پنجاب حکومت کا جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

لاہور: وزیر آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کے بعد پنجاب حکومت نے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور صوبائی وزیر راجہ بشارت کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کی کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کا اجلاس ہوا، اجلاس میں مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ، چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل اور دیگر افسروں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان حملہ کیس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دی جائے گی۔ جے آئی ٹی کی سربراہی ایڈیشنل آئی جی ہائی ویز پٹرول ریاض نذیر گاڑھا کرینگے اور دیگر ارکان میں متعلقہ ایجنسیوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔

کمیٹی نے لانگ مارچ کے کنٹینر کو عمران خان کیلئے مخصوص سکیورٹی دینے جبکہ موٹرویز کو جلد کھولنے اور ججز کو راستہ دینے کیلئے پی ٹی آئی سے بات کرنے کا فیصلہ کیا۔

راجہ بشارت نے کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ پی ٹی آئی کی مقامی قیادت سے رابطہ رکھیں، کنٹینر پر بلٹ پروف روسٹرم اور گلاس لازمی نصب کیا جائے گا، اسنائپرز کی تعیناتی اور دیگر سکیورٹی انتظامات میں کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔