بلوچستان کے ضلع بارکھان میں تین شہریوں کے قتل کے الزام میں گزشہ ماہ گرفتار کیے گئے صوبائی وزیر مواصلات عبدالرحمٰن کھیتران کی ضمانت منظور کرلی گئی۔
بلوچستان کے علاقے رکھنی کے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے سانحہ بارکھان میں گرفتار صوبائی وزیر سردار عبدالرحمٰن کھیتران کی 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عدم شواہد کی بنیاد پر ضمانت منظور کر لی۔
کیس کی سماعت سیشن جج رکھنی ملک سجاؤ دین کی عدالت میں ہوئی، سماعت کے بعد صوبائی وزیر کے وکیل ایڈووکیٹ منظور رحمانی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میرے مؤکل عبد الرحمٰن کھیتران کے خلاف کسی قسم کے الزامات ثابت نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ گواہان کی جانب سے بھی تمام تر الزامات غفور شاہ، سلام شاہ اور رؤف شاہ پر لگائے گئے جس پر سیشن عدالت نے پانچ لاکھ کے مچلکوں کے عوض سردار عبدالرحمن کھیتران کی ضمانت منظور کر لی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ضلع بارکھان میں تین شہریوں کے قتل کے الزام میں گرفتار صوبائی وزیر مواصلات عبدالرحمٰن کھیتران کو 10 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا تھا.