جنوبی وزیرستان لوئر،چیمبر آف کامرس کا صدر بازیاب،دوکسٹم اہلکار اور ڈاکٹر بازیاب نہ ہوسکے

جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل سے ایک ہفتہ قبل اغوا ہونے والے چیمبر آف کامرس کے صدر رہا ہوگئے ہیں۔

سیف الرحمن کے ہمراہ اغوا ہونے والے دو کسٹم افسران تاحال بازیاب نہ ہوسکے۔14 فروری کو صدر چیمبر آف کامرس جنوبی وزیرستان لوئر کو دو کسٹم افسران کےہمراہ اغوا کیا گیا تھا۔

ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان لوئر ناصر خان کے مطابق سیف الرحمٰن، کسٹم سپرنٹنڈنٹ نثار عباسی اور انسپکٹر خوشحال افغانستان کے ساتھ انگور اڈہ بارڈر کراسنگ پر کسٹم آفس سے واپس آرہے تھے کہ انہیں اغوا کر لیا گیا۔ اغواکاروں نے ان کی گاڑی روکی اور اسلحہ کی نوک پر انہیں زبردستی نامعلوم مقام پر لے گئے۔

دوسری جانب تاحال حکام کی جانب سے کسٹم اہلکاروں کی بازیابی کے حوالے سے کوئی مؤثر پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔

اس سے قبل 18 فروری کو وانا میں تاجربراداری اور متحدہ سیاسی پاسون کے زیراہتمام بدامنی،اغواکاری،بم دھماکوں اور ڈکیتوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا .

مظاہرین نے حکومت سے 14 فروری کو دو الگ الگ واقعات میں اغوا ہونیوالے دو کسٹمز افسران، چیمبر آف کامرس کے صدر اور ایک ڈاکٹر کو فوری طور پر بازیاب کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ جنوبی وزیرستان لوئر میں گذشتہ کئی عرصے سے امن و امان کی صورتحال مخدوش ہے ۔ گذشتہ روز وانا میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے صدارتی ایوارڈ یافتہ ملک عبدالخالق جاں بحق ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں