خضدار پریس کلب کا صدر بم دھماکے میں جاں بحق،9 افراد زخمی

بلوچستان کے ضلع خضدار میں گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں پریس کلب کے صدر جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حملہ اس وقت ہوا جب خضدار پریس کلب کے صدر مولانا محمد صدیق مینگل گھر سے نکل کر خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی جامعہ مسجد میں نمازجمعہ پڑاھنے جارہے تھے.

آغا سلطان ابراہیم روڈ کی جانب موڑتے ہی ان کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں مولانا محمد صدیق مینگل کی گاڑی تباہ ہوگئی۔

دھماکے میں مولانا صدیق مینگل جاں بحق ہوگئے جبکہ 9 افراد زخمی ہیں۔

یاد رہے کہ 2023 میں مولانا محمد صدیق مینگل پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا تاہم اس حملے میں وہ محفوظ رہے تھے جبکہ آج کا واقعہ جان لیوا ثابت ہوا۔

واضح رہے کہ خضدار پریس کلب کا یہ تیسرا صدر ہے جسے نشانہ بنایا گیا جبکہ مجموعی طور پر 2009 سے اب تک خضدار پریس کلب کے 10 ارکان جاں بحق ہوچکے ہیں۔