مسلم لیگ ن نے گورنر خیبرپختونخوا غلام علی کو عہدے سے ہٹانے کےلئے عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) سے ہاتھ ملالیا.
اے این پی خیبر پختونخوا کی ترجمان ثمرہارون بلور نے گورنرخیبرپختونخوا کے نجی ٹی وی انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ترلوں کا طعنہ دینے والے غلام علی بتائیں اس نے گورنر شپ کیلئے اے این پی کے کتنے ترلے کئے تھے؟ پختون روایات کے مطابق ہم نے گورنر شپ کے معاملے میں مولانا فضل الرحمٰن کی سربراہی میں جے یو آئی کا جرگہ ولی باغ میں قبول کیا تھا۔
ثمر ہارون بلور نے کہا کہ ہم نے ترلے نہیں کیے بلکہ گرلز کالج خالصہ، گلبہار بوائز کالج، پلوسءگرلز کالج اور ارمڑ بوائز کالج میں غلام علی نوکریوں کی جو بندر بانٹ کررہا تھا ہم نے اس کو روکنے کی کوشش کی، پاکستان پیپلز پارٹی پشاور کی قیادت ضیا اللہ آفریدی کی سربراہی میں اس بات کی گواہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اتحاد کی آڑ میں وہ اے این پی سے بندے توڑنے کی کوشش کررہا تھا، غلام علی جتنا مرضی زور لگائے، اب اے این پی سے بندے توڑ کر دکھائے، غلام علی کو خبر ہو، سوات میں ہم سے لوگ نہیں گئے بلکہ ہم نے انکو شوکاز نوٹسز جاری کئے.
انہوں نے کہا کہ آئینی گورنر بتائیں کہ پوسٹنگ ٹرانسفر سے اُن کا کیا سروکار ہے؟ مسلم لیگ ن کے اختیار ولی اگر مزید نہیں بول سکتے تو یہ اُن کی مرضی، اے این پی گورنر ہاؤس کے تقدس کی بحالی کیلئے آخری حد تک جائے گی، جے یو آئی سے نہیں ہمارا اختلاف گورنر کی بڑی کرسی پر بیٹھے چھوٹے شخص سے ہے۔
مسلم لیگ( ن) کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اختیارولی خان نے گورنر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ گورنر صاحب کو شاید کوئی خوش فہمی ہے کہ میری زبان بندی ہو گئی ہے، گورنر صاحب نہ میں دبنے والا ہوں نہ ڈرنے والا، میں نے جو کہا تھا وہ اپنی جماعت کے کارکنوں کے دل کی آواز تھی اور آج بھی اپنے موقف پر کھڑا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ گورنر صاحب آپ اپنے بیان کی وضاحت کریں ورنہ آپکے بیان کا جواب پھر مفصل دونگا جو کہ میرا استحقاق ہے، ریکارڈ درست کر لیں میں پونے دوسال ایم پی اے رہا ہوں اور میرے پاس کتنے کونسلرز ناظم ہیں کسی دن آپکو بلا لیں گے پھر گن لینا۔
اختیارولی نے کہا کہ کئی بار آپکو بتایا سب اتحادیوں کو ساتھ لیکر چلیں، بہتر ہوتا میرے بیان کے بعد آپ سب اتحادیوں کو بلاتے اور معاملات حل کرتے لیکن آپ شاید بگاڑ پیدا کرنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ الیکشن لڑنے کیوجہ سے میں نے گورنر بننے سے انکار کردیا تھااورمیرے انکار کے بعد آپکی لاٹری نکل آئی اور آپ گورنر بنے۔