پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے طول و عرض میں 16 سے 19 اپریل تک گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی ہے۔
اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لیے مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، سوات، دیر، شانگلہ، کوہستان اور ایبٹ آباد سمیت بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے جبکہ پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈی آئی خان سمیت میدانی علاقوں میں آندھی اور بارشیں متوقع ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں تغیانی آ سکتی ہے۔ بالائی اضلاع میں اچانک سیلابی صورتحال (فلیش فلڈنگ) جبکہ پشاور اور نوشہرہ جیسے گنجان آباد شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
انتظامیہ کو خبردار کیا گیا ہے کہ تیز رفتار ہواؤں کے باعث بجلی کے انفراسٹرکچر، سولر پینلز اور کچی دیواروں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس کے علاوہ کسانوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی کھڑی فصلوں کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔
حکام نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام وسائل اور ریسکیو ٹیموں کو ہائی الرٹ رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت کارروائی کی جا سکے۔ شاہراہوں کی بحالی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی احکامات دیے گئے ہیں۔
سیاحوں اور مقامی آبادی کو غیر ضروری سفر اور برساتی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔









