پشاور ہائی کورٹ کا حکم، فاٹا ٹربیونل دوبارہ بحال

خیبرپختونخوا کی نگراں حکومت نےپشاور ہائی کورٹ کے حکم پر فاٹا ٹربیونل کو دوبارہ بحال کردیا ہے۔

محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کے جاری اعلامیے کے مطابق ذاکرحسین آفریدی کو فاٹا ٹربیونل کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے جبکہ خلیل اللہ خلیل اور کفایت اللہ ٹربیونل کے ممبران ہوں گے۔

اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ فاٹا ٹریبونل کو پشاورہائیکورٹ کے حکم پر بحال کیا گیا ہے، اور ٹربیونل نے بحال ہونے کے بعد کام بھی شروع کردیا ہے۔

محکمہ داخلہ نے اعلامیے میں مزید بتایا ہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے فاٹا ٹریبونل کو 11 مقدمات واپس بھیج دئیے ہیں اور ان مقدمات میں ڈاکٹر شکیل آفریدی کیس بھی شامل ہے۔

محکمہ داخلہ نے بتایا کہ ایف سی آر کے خاتمے پر 2019 میں فاٹا ٹربیونل ختم ہوگیا تھااور فاٹا ٹربیونل کے خاتمے پر تمام کیسز دیگر عدالتوں کو منتقل کئے گئے تھے۔