پرویز خٹک کا پی ٹی آئی کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعلی پرویزخٹک نے پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی صدارت چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کےہمرا ہ پریس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے 9 مئی کے واقعات کی پہلے ہی مذمت کر چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ کئی دنوں سے ملک کے سیاسی حالات دیکھ رہے تھے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ وہ اپنا آئندہ کا لائحہ عمل دوستوں اور پارٹی ورکرز کے ساتھ مشورے سے طے کریں گے،جو پروپیگنڈہ ہو رہا ہے وہ درست نہیں سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا ہے۔

پرویز خٹک مختصر پریس کانفرنس کے بعد صحافیوں کے سوالات کے جواب دیے بغیر چلے گئے۔

ان کے ساتھ پریس کانفرنس میں موجود پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کوئی گفتگو نہیں کی۔

خیال رہے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جمعرات کی شام کو الزام لگایا تھا کہ ان کی پارٹی کے دو رہنماؤں پرویز خٹک اور اسد قیصر کو سیف ہاؤس میں بٹھا لیا گیا ہے۔

جمعرات کو زمان پارک لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ میری بنائی گئی مذاکراتی کمیٹی کے دو ارکان پرویز خٹک اور اسد قیصر کو آج اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے بات چیت کی دعوت دی گئی تھی۔

عمراں کا کہنا تھاکہ پرویز خٹک اور اسد قیصر جب بات چیت کے لیے وہاں گئے تو انہیں سیف ہاؤس میں بٹھا لیا گیا اور انہیں کہا گیا ہے کہ ہم آپ کو تب چھوڑیں گے جب آپ پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کریں گے۔

عمران خان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور ساری پی ڈی ایم کو بتانا چاہتا ہوں کہ جب یہ اسٹیبلشمنٹ والے پلان اے سے پلان بی پر جائیں گے آپ کو پتا بھی نہیں چلے گا۔