پشاور کے قیوم اسپورٹس کمپلیکس کے ارینا ہال میں پرسنلائزڈ مارکس چوائس نمبر پلیٹس کی ایک تاریخی نیلامی منعقد ہوئی جس میں کروڑوں روپے کی بولیاں لگائی گئیں۔
اس نیلامی کی سب سے بڑی خاص بات داوڑ 1نمبر پلیٹ کی ریکارڈ قیمت پر فروخت رہی، جسے انضمام الحق نامی خریدار نے 17 کروڑ 50 لاکھ روپے کی خطیر رقم کے عوض حاصل کیا۔
یہ پاکستان میں چوائس نمبر پلیٹس کی نیلامی کی تاریخ میں اب تک کی سب سے بڑی بولی قرار دی جا رہی ہے جس نے پچھلے تمام ریکارڈز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
نیلامی کے دوران قبائلی اضلاع اور مختلف شناختوں پر مبنی نمبر پلیٹس میں شرکاء نے غیر معمولی دلچسپی ظاہر کی۔
وزیرستان 1 نمبر پلیٹ کے لیے بھی کانٹے کا مقابلہ دیکھنے میں آیا جسے فیض الرحمان نے 4 کروڑ 6 لاکھ روپے کی بڑی رقم کے ساتھ اپنے نام کیا۔
اسی طرح مہمند 1 نمبر پلیٹ پر حاجی ظاہر گل نے 3 کروڑ 21 لاکھ روپے کی دوسری بڑی بولی دے کر اسے حاصل کیا۔ انتظامیہ کے مطابق نیلامی کے اس عمل میں عوامی جوش و خروش دیدنی رہا اور خریداروں نے اپنی پسندیدہ نمبر پلیٹس حاصل کرنے کے لیے کروڑوں روپے کے داؤ لگائے۔
شناخت پر مبنی دیگر نمبر پلیٹس میں عباس خان محسود نے محسود 1 نمبر پلیٹ 2 کروڑ 20 لاکھ روپے میں خریدی، جبکہ پشتون 1 چوائس نمبر پلیٹ پر 1 کروڑ 32 لاکھ روپے کی تیسری بڑی بولی لگی اور اسے بھی نیلام کر دیا گیا۔









