خیبر پختونخوا میں بارشوں کی تباہ کاری، پی ڈی ایم اے نے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی

پروینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے 25 مارچ سے جاری بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں اب تک 9 افراد جاں بحق اور 47 زخمی ہو چکے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 8 بچے اور ایک خاتون شامل ہے جبکہ زخمیوں میں 26 مرد اور 21 بچے شامل ہیں۔ بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات بھی پیش آئے جن میں مجموعی طور پر 6 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق یہ افسوسناک واقعات بنوں اور شمالی وزیرستان میں پیش آئے جہاں امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔

ادارے کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی رابطے میں ہیں اور متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ متاثرین کو جلد از جلد امدادی سامان فراہم کیا جائے جبکہ ضلع بنوں میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو فوری مالی امداد دینے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے اور متاثرین کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے احکامات دیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جو منگل تک برقرار رہنے کا امکان ہے جس کے پیش نظر عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر اور حساس سیاحتی مقامات سے پرہیز کریں اور حکومتی اداروں کی ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں