آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) نےرائلٹی کی مد میں بلوچستان کو واجب الادا ساڑھے 12 ارب کی ادائیگی پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
وزیراعلی سیکریٹریٹ بلوچستان کے مطابق اوجی ڈی سی ایل اور صوبائی حکومت واجب الادا رائلٹی کی ادائیگی کے فارمولے پر متفق ہوگئے۔ واجب الادا رائلٹی کی رقم ماہانہ بنیادوں پر حکومت بلوچستان کو ادا کی جائے گی۔
او جی ڈی سی ایل نے ستمبر 2021 سے بلوچستان کو رائلٹی کی ادائیگی روک رکھی تھی۔کمپنی نے پاور پرچیزنگ کمپنیوں کے زیرگردش قرضوں میں غیر معمولی اضافے کے باعث یہ رائلٹی روکی تھی۔
واضح رہے کہ نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے او جی ڈی سی ایل پر واجب الادا رائلٹی کا معاملہ قومی فورم پر اٹھایا تھا۔