نوشہرہ میں ایکسائز پولیس نے فوجی وردی میں ملبوس ایک شخص کی گاڑی سے 60 کلو چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔
ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و منشیات کنٹرول مردان ریجن فواد اقبال نے برطانوی خبررساں ادارے کو بتایا کہ انہیں ایک جعلی میجر کے حوالے سے اطلاع موجود تھی جس کے بعد اس کی متوقع گزرگاہ کے پاس پہلے ہی ناکہ بندی کر لی گئی تھی۔
فواد اقبال نے بتایا کہ ’ملزم کو جیسے ہی روکنے کی کوشش کی گئی، اس نے گاڑی دوڑا دی اور اس کوشش میں تھانہ ایکسائز کی موبائل گاڑی کو ٹکر مار کر نقصان بھی پہنچایا،تاہم ملزم کو کچھ دیر کے مقابلے کے بعد بالآخر نوشہرہ میں رسالپور کے قریب گرفتار کر لیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’ملزم مقامی معلوم ہوتا ہے، پشتو بولتا ہے اور عمر تقریباً 35 سال ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملزم اس وقت تھانہ ایکسائز کے پاس ہے، مقدمہ درج ہوچکا ہے اور اگلے 24 گھنٹوں میں اسے عدالت کے سامنے پیش کیا جا سکتا ہے۔
ڈائریکٹر فواد اقبال نے بتایا کہ ملزم نے گاڑی میں چرس کی ایک بڑی مقدار کھلی رکھی ہوئی تھی۔
’ملزم کا کہنا ہے کہ وہ اس سے قبل ایسی تقریباً آٹھ، نو کوششیں کر چکا ہے۔‘
ڈائریکٹر منشیات کنٹرول کا کہنا ہے کہ ملزم پر فوجی افسر کی نقالی کرنے، منشیات سمگلنگ، اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات عائد کی گئی ہیں۔